70

شاہراہِ ریشم کے اطراف میں نالوں کی تعمیر جاری، سڑک کشادہ، ٹریفک کی روانی میں بہتری

ایبٹ آباد: شاہراہ ریشم کے اطراف میں نالوں کا تعمیراتی کام جاری ہے ۔ سڑک کشادہ ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آنے لگی ہے ۔ چند سال قبل مذکورہ شاہراہ کی کشادگی کے لیے دکانیں اور گھر پیچھے کیے گئے تھے تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باجود شاہراہ کو کشادہ کرنے کے معاملے میں متعلقہ محکمہ اور منتخب عوامی نمائندے واضح حکمت عملی اختیار کرنے سے گریزاں تھے جس کی ایک وجہ فنڈ کی قلت بتائی جارہی تھی ۔ اس امر کے باعث مانسہرہ روڈ پر ٹریفک کا اژدھام دیکھنے میں آرہا تھا جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا ۔ علاوہ ازیں بائی پاس کی تعمیر بھی التوا میں پڑی رہی ۔ موجودہ دور حکومت میں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کی ذاتی دلچسپی سے اس منصوبے پر کام شروع ہوا ۔ ابتدائی مراحل میں سڑک کی بلیک ٹاپنگ کی گئی اور اسے قریباً دوفٹ اونچا کیا گیا تاہم آٹھ ماہ گزرنے کے باجود سڑک کی تعمیر ادھوری ہونے کے باعث سپیکر مشتاق احمد غنی اور این ایچ اے کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک ماہ قبل نالوں کی تعمیر شروع ہونے اور سڑک کی کشادگی کی بدولت آمدورفت کے مسائل میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ شاہراہ کے اطراف میں بارش کا پانی جمع ہونے کا مسئلہ بھی کسی حد تک حل ہوگیا ہے جبکہ ٹریفک بھی رواں رہنے لگی ہے ۔ شہریوں نے اس ضمن میں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کی کوششوں کو سراہا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں