109

ایوبیہ: معمر شخص پر حملہ کرنے والا تیندوا گاؤں کے مکینوں نے ہلاک کرڈالا

ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقے ایوبیہ میں تیندوے نے ایک شخص پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا جس پر گاؤں والوں نے تیندوا ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعہ ایوبیہ کے گاؤں پلک میں پیش آیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تیندوے نے رحیم داد نامی ضعیف العمر شخص پر حملہ کیا۔حملے میں مضروب کی ٹانگ پر شدید چوٹیں آئیں۔اطلاع ملتے ہی گلیات پولیس سمیت گاؤں کے مکین بڑی تعداد میں اکٹھے ہوگئے اور تیندوے کو مارڈالا۔ حملے میں زخمی ہونے والا شخص ہسپتال میں زیر علاج ہے۔گلیات میں محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے مؤثر حکمت عملی نہ ہونے کے باعث نایاب نسل کے تیندوے اکثر آبادی کا رخ کرتے ہیں۔ ایک میڈیا سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان تیندوں کی خوراک کے لیے متعلقہ محکمے نے عوامی شکایات کے باوجود سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جس کے نتیجے میں وہ انسانوں پر حملے کرتے ہیں اور قریبی آبادیوں کے لیے خطرے کی علامت بن جاتے ہیں۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے اس صورتِ حال پر توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں