189

ایبٹ آباد: سوکا لمبی ڈھیری روڈ بارش کے بعد کچرے کی دلدل میں تبدیل

ایبٹ آباد کی وسیع آبادی کو سفری سہولت مہیا کرنے والا لمبی ڈھیری سوکا روڈ حکام کی غفلت کے باعث کچرے کی دلدل میں تبدیل ہوگیا ہے۔روڈ کے اطراف میں نالا بند ہونے کے باعث گذشتہ روز ہونے والی بارش کے نتیجے میں شاپنگ بیگ اور گندگی سڑک پرامڈ آئی جس سے راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ عرصہ قبل اس پختہ سڑک کو سوئی گیس پائپ لائن کے لیے کی جانے والی کھدائی کے دوران توڑ پھوڑ دیا گیا اور مسلسل عوامی شکایات کے باوجود اس کی تعمیر نو نہیں کی گئی۔یہ سڑک جہاں رہائشی کالونیوں کی آمدورفت کا ذریعہ ہے وہیں اس پر سکولوں کے طلبہ کاآنا جانا لگا رہتا ہے جبکہ مانسہرہ روڈ بلاک ہونے کی صورت میں اسے متبادل سڑک کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے توجہ مرکوز نہ کرنے کے باعث سڑک میں جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ بارش کے دنوں میں یہ سڑک کیچڑ سے بھر رہتی ہے اور ہر طرف شاپنگ بیگ بکھرے نظر آتے ہیں۔ نالے کی بندش کی بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ کچھ بے پروا شہری اس میں شاپنگ بیگ اور کچرا پھینکتے ہیں جس کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ رک جاتا ہے اور لوگوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سیٹھی مسجد سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں اور لمبی ڈھیری کے رہائشیوں نے اعلیٰ حکام سے سڑک اور نالے کی پختگی کے لیے فی الفور اقدا مات کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں