63

کورونا کیسز میں اضافہ: ایبٹ آباد اور ہری پور کے تعلیمی ادارے بند

کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر خیبر پختونخوا حکومت نے ایبٹ آباد اور ہر ی پور سمیت صوبے کے مزید 6 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس امر کا فیصلہ حکومت کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ باجوڑ، شانگلہ اور دیر میں بھی تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ تک بند رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ مذکورہ اضلاع سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران متعدد کیسز سامنے آنے پر کیا گیا۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے کورونا کی تیسری لہر میں تیزی آنے کے باعث مرحلہ وار تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں اعلان کیا گیا تھا کہ اضلاع کا انتخاب صوبائی حکومتیں خود کریں گی۔ پیر کو صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کی تشویش ناک صورتِ حال کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر کئی اضلاع کی طرح ہزارہ میں بھی ایبٹ آباد اور ہری پور میں جملہ تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کردیے ہیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق سکولوں میں صرف 50 فیصد سٹاف حاضر ہوگا اور ضرورت پڑنے پر اساتذہ کو سکول ڈیوٹی پر بلایا جاسکے گا۔صوبائی حکومت کے فیصلے کا اطلاق کل سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں