حکومت کی جانب سے 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کے فیصلے کا اطلاق ہزارہ کے کسی ضلع پر نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت اجلاس میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اختیار صوبائی حکومتوں کو دیا گیا جس کے تحت خیبر پختونخو ا میں پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ،مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، نوشہرہ اور بونیر میں تعلیمی ادارے وفاقی حکومت کی مقررہ تاریخ تک بند رکھے جائیں گے۔کورونا وائرس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ہزارہ کو سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی فہرست میں نہیں رکھا۔ کل سے ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں تعلیمی ادرے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے تاہم ان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔
