60

ہندکو کی ادبی تنظیم ” پاہل ” کو باضابطہ طور پر رجسٹر کرالیا گیا

ہندکو زبان و ادب کے فروغ کے لیے قائم تنظیم پاک اکیڈمی آف ہندکو لینگویج اینڈ لٹریچر(PAHLL) کو باضابطہ طور پر رجسٹر کرالیا گیا ہے۔ یہ تنظیم ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہندکو کی معیاری کتب کی اشاعت سمیت زبان کی ترقی و ترویج اور لوک ادب کے فروغ کے حوالے سے اہم تقاریب کا انعقاد کرے گی جبکہ اس ضمن میں ہندکو لائبریری کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز ماڈرن ایج بوائز کالج میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پاہل کے صدر امان اللہ خان امان نے کی۔ شرکا میں بزم علم و فن ہزارہ کے صدر واحد سراج، احمد حسین مجاہد، پاہل کے جنرل سیکرٹری عبد الوحید بسمل، قاضی ناصر بخت یار خان، پروفیسر ناصر داؤدشجاعت علی شاہ، ریاض قاصر، احمد ریاض اور سہیل احمد صمیم شامل تھے۔اس موقع پر پاہل کے جنرل سیکرٹری عبد الوحید بسمل نے شرکا کو تنظیم کی رجسٹریشن کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس تمام تر عمل میں پاہل کے سرپرست اعلیٰ واحد سراج، امان اللہ خان امان اوراحمد حسین مجاہد کی رہنمائی کو سراہا اورقاصی ناصر بخت یارخان،پروفیسر ناصر داؤد اور سہیل احمد صمیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ دریں اثنا واحد سراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاہل کی رجسٹریشن خوش آئند ہے تاہم کابینہ کے اراکین کو مستقبل میں مزید تندہی سے کام کرنا ہوگا تاکہ ہندکوزبان، ادب اور ثقافت کو حقیقی معنوں میں فروغ دیا جاسکے۔ اجلاس میں مقررہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی مشاورت سے کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ اختتام پرپاہل کی نومنتخب کابینہ کے اعزازمیں بزم علم وفن ہزارہ کے صدر واحد سراج کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں