55

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے طلبہ کو کلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی

وفاقی حکومت کی ہدایت پر ہزارہ کے سکولوں میں طلبہ کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جو 30 نومبر تک جاری رہے گا۔ ویکسین نہ لگوانے والے طلبہ کو 31 اکتوبر سے کلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ انتظامیہ نے والدین اور سکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کو ویکسین لگوانے میں متعلقہ ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کورونا وبا کا سدباب کیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اعلی حکام کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی کورونا ویکسینیشن لازم قرار دی گئی تھی اور حکومت نے متنبہ کیا تھا کہ ویکسین نہ لگانے والے اساتذہ کو سکولوں میں تدریسی عمل جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ اب 12 سال سے زائد عمر کے طلبا وطالبات کی ویکسینیشن بھی کی جارہی ہے جسے حکومتی سطح پر سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی مجموعی تعداد 50 ملین کے قریب ہے ۔ چونکہ بچے اور نوجوان کورونا کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہیں تو حکومت کی اولین کوشش ہے کہ سکولوں کی سطح پر ویکسینیشن کا عمل جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔ صرف اسی صورت میں کورونا کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں