73

پہلا آن لائن سٹوڈنٹس کوالٹی سرکلز کنونشن کل ماڈرن ایج کالج ایبٹ آباد میں منعقد ہوگا

ایبٹ آباد : ایکوئپ پاکستان کے زیراہتمام سٹوڈنٹس کوالٹی سرکلز (SQCs) کے حوالے سے پہلا آن لائن کنونشن کل ماڈرن ایج کالج اببٹ آباد میں منعقد ہورہا ہے ۔ منتظمین کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظرگرلز کیمپس میں صرف تین گھنٹے کی تقریب منعقد ہوگی جس کا افتتاح کامیٹس ایبٹ آباد کے شعبہ مائیکروبیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر امجد حسن کریں گے ۔ تقریب میں ایکوئپ پاکستان کے ڈائریکٹر واحدسراج، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیرا واحد اور ریجنل ڈائریکٹر فیاض احمد سمیت ماہرین تعلیم، اساتذہ اور طلبہ بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے مابین پیپر پریزنٹیشن، پوسٹر اینڈ سلوگن اور سکسٹی سیکنڈ فلم میکنگ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے ۔ کنونشن کے کلیدی مقررین میں جرمنی کے ماہر تعلیم رولینڈ جاہنکے سمیت دیگر سکالرزشامل ہیں جو ویڈیو لنک کے ذریعے شرکا سے خطاب کریں گے ۔ مذکورہ کنونشن کا ارتکاز مستقبل کے اہداف اور تعلیم کے متوقع کردار پر ہے ۔ اس سلسلے میں مقررین مختلف پہلوؤں سے اظہارِ خیال کریں گے جبکہ کورونا وائرس کے تناطر میں ایک خصوصی مباحثہ بھی ترتیب دیا گیا ہے ۔ ایکوئپ پاکستان کے کوآرڈینیٹر نے اس حوالے سے بتایا کہ ایس کیو سی کنونشن صبح 9 سے دن 12 بجے تک ماڈرن ایج کے آفیشل فیس بک پیج پر لائیو دکھایا جائے گا جس کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں