150

ایبٹ آباد: شاہراہ قراقرم(مانسہرہ روڈ) کی تعمیر نو شروع، ٹریفک میں خلل

بارشوں کا طویل سلسلہ تھمنے کے بعد بالاخر ایبٹ آباد میں شاہراہِ ریشم(مانسہرہ روڈ) کی تعمیر نو کا کام شروع ہو گیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے مقامی اراکین اسمبلی کے مطابق اس منصوبے کے لیے 40 کروڑ روپے کا خطیر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں جھنگی سٹاپ سے تعمیر نو کا عمل جاری ہے جس کے نتیجے میں فوارہ چوک تا کمپلیکس ٹریفک کی روانی میں شدید خلل دیکھنے میں آرہا ہے۔ ڈیڑھ ماہ قبل مذکورہ منصوبے پر کام بارشوں کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔اس دوران میں مقامی سیاسی حلقوں نے شاہراہ کی عدم مرمت کے خلاف احتجاج بھی کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ بھاری فنڈ ٹاکیوں پر خرچ کیا جارہا ہے تاہم تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اس قسم کے تمام خدشات اور قیاس آرائیوں کی نفی کی اور کہا کہ بارشوں کے بعد سڑک کا تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا۔ اراکین اسمبلی کے وعدے کے مطابق حالیہ دنوں شاہراہ قراقرم کا تعمیراتی کام اگرچہ زور و شور سے جاری ہے تاہم دوسری جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہی ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی عمل کے لیے مناسب حکمت عملی مرتب نہ ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہور ہا ہے۔بعض سنجیدہ حلقوں کے نزدیک روڈ کے اطراف میں نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے۔انہوں نے تجویز دی ہے کہ حکومت کو چاہیے پہلے نکاسی آب کا بندوبست کرے، پھر شاہراہ کی از سرِنو تعمیر کرے ورنہ سیلابی پانی ایک بار پھر روڈ کا حلیہ بگاڑ دے گا۔ شہریوں نے خطیر فنڈ کو ضیاع سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں